رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں نہتے شہریوں پر مسلسل ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے

مکہ مکرمہ

رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں نہتے شہریوں پر مسلسل ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، اور اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کی ان دل دہلا دینے والی رپورٹس پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے، جن کے مطابق امدادی مقامات پر خوراک حاصل کرنے کی کوشش کے دوران 875 فلسطینی شہید کیے گئے۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے قابض حکومت کی اس روش کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جو فلسطینی عوام کی زندگی، انسانیت اور عزتِ نفس کو مسلسل پامال کر رہی ہے اور جو تمام اخلاقی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور عالمی ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر العیسی نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا فوری اور مؤثر انداز میں ادراک کرے، اور ان خونریز مظالم کو روکنے کے لیے سنجیدہ قدم اٹھائے، نیز قابض حکومت کی جنگی مشین کو روکنے کے لئے عالمی میکانزم کو فعال کرے اور ان جرائم کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

Wednesday, 16 July 2025 - 19:54