رابطہ عالم اسلامی نے مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے جمہوریہ  ہند  اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور حالات کو پرامن بنانے کی کوششوں کو مکمل تائید اور تحسین کے ساتھ سراہا ہے۔

مکہ مکرمہ

رابطہ عالم اسلامی نے مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے جمہوریہ  ہند  اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور حالات کو پرامن بنانے کی کوششوں کو مکمل تائید اور تحسین کے ساتھ سراہا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس دورے کی تحسین کی جو مملکت کے وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ، کابینہ کے رکن اور ماحولیاتی امور کے خصوصی نمائندے،  محترم جناب عادل بن احمد الجبیر نے 8 تا 9 مئی 2025ء کے دوران بھارت اور پاکستان کا کیا۔ یہ دورہ مملکت کی دانشمند قیادت کی ہدایت پر عمل میں آیا، جو کہ کشیدگی کے خاتمے، عسکری محاذ آرائی کو روکنے، اور اختلافات کے حل کے لیے مکالمہ و سفارتی ذرائع کھولنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے مملکت کی سفارتی حکمتِ عملی، اس کی قیادت کی دانشمندی، عالمی وقار، اور اس کے وسیع بین الاقوامی روابط پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا کردار امن و استحکام کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر امن کی تعمیر میں نمایاں اور قابلِ اعتماد رہا ہے۔ آپ نے دونوں ملکوں سے اپیل کی کہ وہ دانشمندی اور عوامی مفاد کو ترجیح دیں اور مملکتِ سعودی عرب کی ان مبارک کوششوں کا مثبت جواب دیں، تاکہ دونوں ملکوں اور خطے کو مزید خطرناک کشیدگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
 

Saturday, 10 May 2025 - 12:59