مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے شدید الفاظ میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف میں نئی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری کی مذمت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی وزیرِ خارجہ کے اس انتہا پسندانہ بیان کی بھی سخت مذمت کی گئی، جس میں انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کی۔ ان اقدامات کے ذریعے قابض حکومت اپنی اشتعال انگیزی، بین الاقوامی قوانین کی توہین، اور جنگ کے خاتمے وامن کے قیام کے تمام مواقع کو جان بوجھ کر سبوتاژ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ، چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیلی قابض حکومت کی ان پالیسیوں کی مذمت کی جو فلسطینی عوام کی زندگیوں اور ان کے جائز حقوق کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہیں، اور مقبوضہ علاقوں میں تمام بین الاقوامی وانسانی اقدار، قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہا پسند حکومت اپنے مجرمانہ رویے کی وجہ سے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے اور اس منصفانہ اور جامع امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کی تلاش سب كو ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے فلسطینی عوام کے تاریخی اور قانونی حق پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے قانونی اور اخلاقی فرائض کی ادائیگی میں سنجیدہ اور مخلصانہ کردار ادا کرے، تاکہ اس انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام کو اپنے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کا حق مل سکے۔
سنیچر, 16 August 2025 - 12:21