مکہ مکرمہ میں رابطہ کی قیادت اور متعدد اسلامی شخصیات کی موجودگی میں منعقدہ ایک باضابطہ تقریب کے دوران:
سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے رابطہ عالم اسلامی کے صدر دفتر میں ادارے کی نئی حکمتِ عملی اور جدید نظامِ حکمرانی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
یہ پیش رفت اُس ترقی یافتہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے جو رابطہ کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار اور اس سے جُڑی ذمہ داریوں کے تناظر میں اختیار کی گئی ہے، بالخصوص اُن بین الاقوامی اقدامات میں جو میثاق مکہ مکرمہ اور ”اسلامی مکاتبِ فکر کے درمیان پلوں کی تعمیر“ جیسی تاریخی دستاویزات کے عملی نفاذ سے متعلق ہیں۔
اپنے افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر العیسی نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد رابطہ کی حکمتِ عملی کو نئی جہت دینا اور اس کے گورننس فریم ورک کو مزید مؤثر، جدید اور قابلِ عمل بنانا ہے، تاکہ رابطہ کی بصیرت، مشن، اقدار اور اہداف کو عالمی سطح پر بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ اس اقدام کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ رابطہ کی وہ مضبوط بنیادیں، جن پر اس کا قیام عمل میں آیا اور جو اس کے آئین میں مذکور ہیں، نظر انداز کی گئی ہیں؛ بلکہ اُن اصولوں کو مزید پختہ کرنے، اور اُن کے فروغ کے لئے تمام وسائل اور منصوبے ترقی، استحکام اور جدید کاری کے دائرے میں بروئے کار لائے جائیں گے۔
Thursday, 10 July 2025 - 00:22